پیر 23 نومبر 2026 - 05:03
ایران اور پاکستان کے تعلقات کی ایک نمایاں خصوصیت دونوں اقوام کے درمیان موجود عوامی اور دینی وابستگی ہے

حوزہ / حجت الاسلام والمسلمین محمد مہدی ایمانی پور نے پاکستان کے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی سینیٹر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک سے ملاقات میں دونوں ممالک کے تاریخی، دینی، ثقافتی اور تہذیبی مشترکات کو دوطرفہ تعلقات کے فروغ کا اہم ذریعہ قرار دیا اور ثقافتی تعاون کو مزید گہرا کرنے پر زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شنگھائی تعاون تنظیم کے پہلے "تہذیبی مکالمہ فورم" میں شرکت کے لیے ایران اور پاکستان سمیت مختلف رکن ممالک کے اعلیٰ حکام، ثقافتی شخصیات اور دانشور نئی دہلی میں جمع ہوئے۔

اس موقع پر سازمان فرهنگ و ارتباطات اسلامی (تنظیمِ ثقافت و روابط اسلامی ایران) کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین محمد مہدی ایمانی پور نے پاکستان کے وفاقی وزیر سینیٹر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک سے ملاقات کی، جو اس اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے تھے۔

ملاقات میں جمہوریہ اسلامی ایران کے سفیر محمد فتح علی اور تنظیمِ ثقافت و اسلامی روابط کے معاون برائے علمی و ثقافتی تعاون حسین دیوسالار بھی موجود تھے۔

حجت الاسلام والمسلمین ایمانی پور نے ایران اور پاکستان کے تعلقات کو محض جغرافیائی ہمسایگی تک محدود نہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک تاریخی روابط، دینی مشترکات، ثقافتی قربت، تہذیبی وابستگی اور عوامی سطح پر گہرے تعلقات کے حامل ہیں۔ ان مشترکہ بنیادوں سے استفادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور تعاون کے نئے راستے ہموار کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے ثقافت کو سیاسی اور سفارتی تعلقات کی مضبوط معاون قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ ثقافتی سرگرمیوں، علمی و ادبی تبادلوں اور عوامی روابط کے ذریعہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

ایران اور پاکستان کے تعلقات کی ایک نمایاں خصوصیت دونوں اقوام کے درمیان موجود عوامی اور دینی وابستگی ہے

فارسی اور اردو؛ دونوں اقوام کے مشترکہ تہذیبی ورثہ کی علامت

اس ملاقات کے تناظر میں ایران اور پاکستان کے ثقافتی تعلقات کا ایک اہم پہلو فارسی اور اردو زبانوں کا تاریخی رشتہ بھی تھا۔ فارسی زبان نے برصغیر کے علمی، ادبی اور فکری ماحول کی تشکیل میں نمایاں کردار ادا کیا ہے جبکہ اردو ادب میں فارسی کے الفاظ، افکار اور عرفانی روایات کی گہری جھلک موجود ہے۔

علامہ محمد اقبال لاہوری کی شخصیت بھی دونوں ممالک کے اس مشترکہ تہذیبی ورثے کی نمایاں مثال ہے۔ اقبال نے فارسی زبان میں اپنی متعدد اہم تخلیقات پیش کیں اور ایرانی ادب، اسلامی حکمت اور عرفانی افکار سے گہرا استفادہ کیا۔ ان کی فکر آج بھی ایران اور پاکستان کے درمیان علمی و ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ بن سکتی ہے۔

عوامی روابط؛ دوطرفہ دوستی کا قیمتی سرمایہ

ایران اور پاکستان کے تعلقات کی ایک نمایاں خصوصیت دونوں اقوام کے درمیان موجود عوامی اور دینی وابستگی ہے۔ تاریخی روابط، مشترکہ مذہبی اقدار، فارسی و اردو ادب سے دلچسپی اور ممتاز علمی و ثقافتی شخصیات سے عقیدت اس دوستی کو مزید گہرائی عطا کرتی ہے۔

اس سلسلے میں ثقافتی وفود کے تبادلے، مشترکہ علمی و ادبی نشستوں، ترجمہ و اشاعت، جامعات اور ثقافتی اداروں کے درمیان تعاون اور نوجوان نسل کے لیے مشترکہ پروگراموں کے انعقاد کو اہم قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ مجموعی طور پر ایران اور پاکستان کے مشترکہ تاریخی، دینی اور تہذیبی سرمائے کو منظم ثقافتی پروگراموں اور مسلسل تعاون کے ذریعہ بروئے کار لانا نہ صرف دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کر سکتا ہے بلکہ علاقائی ہم آہنگی، باہمی اعتماد اور عالمی امن کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha